ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بریلی میں مبینہ چھیڑ چھاڑ کی مخالفت پر دو گروہ میں خونی تصادم، پولیس تعینات

بریلی میں مبینہ چھیڑ چھاڑ کی مخالفت پر دو گروہ میں خونی تصادم، پولیس تعینات

Wed, 30 Mar 2022 11:07:51    S.O. News Service

بریلی، 30؍مارچ(ایس او نیوز؍ایجنسی) ریاست اتر پردیش کے بریلی میں چھڑچھاڑ کے واقعے کے بعد دو فریقوں کے درمیان خونی تصادم کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ بتایا گیاہے کہ پہلے ہولی کے موقع  پر ماحول خراب کرنے کی کوشش کی گئی تھی، اب لڑکیوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے واقعہ کو لے کر ہنگامہ مچایا گیا ہے۔اطلاع کے مطابق بریلی کے بہیڑی کوتوالی علاقہ کے گاؤں جام جنوبی میں دو برادریوں کے لوگوں کے درمیان نازیبا تبصرہ کرنے اور خواتین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کو لے کر تنازعہ ہوگیا۔

دبنگوں نے لاٹھیوں اور تلواروں سے حملہ کرکے کئی افراد کو زخمی کردیا۔ واقعہ کے بعد متاثرہ کی جانب سے شکایت پر پولیس نے چھیڑ چھاڑ اور قاتلانہ حملے کے الزام میں 12 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے جن میں 9 نامزد ہیں۔ سیکورٹی کے لیے یہاں پولیس تعینات کی گئی ہے۔

دراصل سرویش رستوگی نامی شخص جو جام ساونت جنوبی کا رہنے والا ہے، اس نے تھانے میں تحریری شکایت دی تھی کہ ان کے پڑوسی رفیق اور ان کے بیٹے زاہد، عارف، راشد اور آصف مبینہ طور پر ان کے خاندان کی خواتین کو دیکھ کر تبصرے کرتے ہیں  یہ لوگ ایک عرصے سے ہمیں پریشان کر رہے ہیں۔

رات گئے ان کے گھر کی چھت پر بیٹھے تقریباً سبھی لوگ ان کے گھر کی خواتین سے فحش اشارے کر رہے تھے۔ سرویش کے گھر والوں نے احتجاج کیا تو ان لوگوں نے لاٹھی،ڈنڈے، تلوار اور سلاخوں کے ساتھ سرویش کے گھر میں گھس گئے اور مار پیٹ کی ۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ ملزمین نے سرویش کے خاندان کی خواتین کے ساتھ مارپیٹ بھی کی اور بدتمیزی کی۔واقعے کے بعد سی او بہیڑی اجے کمار گوتم نے بتایا کہ گاؤں جام جنوبی میں دو فریقین کے درمیان لڑائی ہوئی تھی۔

پولیس نے دونوں طرف سے ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ اگرچہ ایک طرف کے لوگوں کو زیادہ چوٹیں آئی ہیں لیکن ان کا طبی معائنہ کروا کر جان لیوا حملے کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ پولیس ٹیم ملزمان کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے، پولس نے بتایا کہ جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔


Share: